شجاع آباد میں ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو،شہری پریشان
انتظامیہ کی خاموشی کے سبب گیس مافیا عوام کی کمر توڑ رہا ،نوٹس کا مطالبہ
سکندرآباد (نامہ نگار) تحصیل شجاع آباد اور گردونواح میں ایل پی جی کی من مانی قیمتوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔ شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث گیس فروش سرکاری نرخوں کی بجائے ۰۵۵ سے ۰۰۶ روپے فی کلو تک گیس بیچ رہے ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ گیس مافیا نے تحصیل بھر میں اپنی متوازی حکومت قائم کر رکھی ہے ، جہاں اوگرا کے نرخنامے کی کوئی اہمیت نہیں۔شہریوں نے بتایا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں اور نواحی دیہاتوں میں ایل پی جی فروش شہریوں کو یرغمال بنا کر منافع خورانہ فروخت کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کے عملے نے مارکیٹوں کا دورہ کرنا بند کر دیا ہے ۔ اس سے دکاندار بغیر کسی خوف کے غریب دیہاڑی دار طبقے کو لوٹ رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بجلی اور آٹے کی قیمتوں نے مار ڈالا، دوسری طرف گیس مافیا انتظامیہ کی ناک کے نیچے سرعام ڈاکہ ڈال رہا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ شجاع آباد کی انتظامیہ کو خواب غفلت سے جگایا جائے اور گیس کی سرکاری ریٹ پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔