اسلام پارک ہڈی گودام میں سیوریج کاپانی جمع، شہری پریشان
گندے پانی اور ناقص نکاسی کے باعث علاقے میں تعفن اور بیماریوں کا خطرہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) خانیوال کے علاقے اسلام پارک ہڈی گودام میں سیوریج کا پانی کھڑا ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے آمد و رفت معطل ہو گئی ہے ، جبکہ بدبو اور تعفن نے مقامی زندگی کو اجیرن کر دیا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق سیوریج پائپ لائن بند ہونے کے باعث پانی کی نکاسی ممکن نہیں رہی، اور شہری کئی دنوں سے بدبودار پانی میں رہنے پر مجبور ہیں۔ مسجد جانے والے نمازی بھی گندے پانی سے گزرنے کی وجہ سے اذیت میں ہیں۔مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار واسا حکام سے رابطہ کیا، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں ہوا۔ شہریوں نے کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لینے اور سیوریج کا مسئلہ فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔