محکمہ تعلیم وصحت کے نابینا افراد کا ملازمت پربحالی کیلئے احتجاج

محکمہ تعلیم وصحت کے نابینا افراد کا ملازمت پربحالی کیلئے احتجاج

تمام افراد میٹرک سے زائد تعلیم یافتہ ،دیگر روزگار کے مواقع حاصل کرنا مشکل مدت ملازمت میں توسیع ،فوری بحال نہ کرنے پر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنیکا عندیہ

ملتان (کرائم رپورٹر) محکمہ صحت اور تعلیم سے نکالے گئے چالیس سے زائد نابینا افراد نے ملازمتوں کی بحالی کیلئے چوک کچہری پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک بند کر دی۔ مظاہرین کی قیادت سرائیکی رہنما مہر مظہر کات نے کی، جو نابینا افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ۔مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر دوبارہ ملازمتوں پر بحال کیا جائے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ مہر مظہر کات نے کہا یہ تمام افراد میٹرک سے زائد تعلیم یافتہ ہیں اور بینائی سے محرومی کے باعث دیگر روزگار کے مواقع حاصل کرنا ان کیلئے مشکل ہے ، اس لیے انتظامیہ ان کے ساتھ خصوصی رعایت برتے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملتان انتظامیہ ان ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کر کے فوری بحالی کو یقینی بنائے ، بصورت دیگر سرائیکستان نوجوان تحریک پورے سرائیکی وسیب میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ مظاہرے میں ہاشم، عرفان، شفیق، رانا عمران، عمران مبشر، مہر ساجد، طاہر رشید، مجاہد احمد اور محمد راشد سمیت نابینا افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں