ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے :ڈپٹی کمشنر
تمام منصوبے معیار اور رفتار کیساتھ بروقت مکمل کئے جائیں:عثمان طاہر جپہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی نگرانی میں علی پور بس سٹینڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائی کے دوران چیف ٹریفک آفیسر محمد ابوبکر کی نگرانی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ غیر قانونی اڈہ قائم کرنے اور تجاوزات کرنے والوں کو وارننگ جاری کی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم ہو۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت بیوٹیفیکیشن اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کے جاری و مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بریفنگ دیتے ہوئے پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے معیار اور رفتار کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں۔