بوریوالا:حبیب اور مجاہد کالونی میں واٹر فلٹر پلانٹس خراب
شہری صاف پانی سے محروم،ہزاروں متاثر، ہیپاٹائٹس ودیگر بیماریوں میں اضافہ
بورے والا (سٹی رپورٹر) شہر کی گنجان آبادیوں حبیب کالونی اور مجاہد کالونی میں واٹر فلٹر پلانٹس طویل عرصے سے خراب پڑے ہیں جس کے باعث ہزاروں مکین پینے کے صاف پانی سے محروم ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا لیکن کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ مجبورا مضر صحت پانی استعمال کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف بیماریوں خصوصاً ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق انتظامیہ اور عوامی نمائندے معاملے کی سنگینی سے آگاہ ہونے کے باوجود غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اہل علاقہ کے نمائندہ افراد مشتاق بھٹی، ڈاکٹر اسحاق، جنید بھٹی، آصف طور، محسن گجر، رانا سدیس، علی رضا جٹ، ہارون سندھو، شیخ ارشد، وسیم رضا بھٹہ اور سابق کونسلر بلدیہ چوہدری سرور آرائیں سمیت دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔