ہراسمنٹ کا شکارایک اور حوا کی بیٹی پولیس مدد کی منتظر
پولیس کی کارروائی کے بجائے ٹال مٹول ،اعلیٰ حکام سے کارروائی کا مطالبہ
بورے والا (سٹی رپورٹر) تھانہ صدر بورے والا کی حدود 435 ای بی میں ایک خاتون نے مبینہ ہراسانی کے خلاف پولیس سے مدد کی اپیل کی ہے تاہم کارروائی نہ ہونے پر متاثرہ خاتون نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔متاثرہ خاتون (ا) کے مطابق فہیم نامی شخص اسے مسلسل مختلف طریقوں سے ہراساں کر رہا ہے جس کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے ۔ اس نے بتایا کہ ملزم کبھی گھر کی چھت کو نقصان پہنچاتا ہے ، کبھی مختلف نمبروں سے فون کر کے تنگ کرتا ہے جبکہ بعض اوقات گھر کے باہر خط بھی پھینکتا ہے ۔خاتون کے مطابق اس صورتحال کے باعث اس کا گھر سے نکلنا بھی مشکل ہو چکا ہے اور وہ اپنے تین کمسن بچوں کے ہمراہ خوف و ہراس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ اس نے بتایا کہ پولیس کو درخواست دینے کے باوجود تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال اور ڈی ایس پی بورے والا رانا عمران ٹیپو سے فوری نوٹس لینے اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکے ۔