معرکۂ حق کی کامیابی پر سکولوں میں تقریبات، ریلیاں
طلبا و طالبات کا ملی نغموں، تقاریر اور ٹیبلو کے ذریعے پاک فوج کو خراج تحسین
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)محکمہ سکول ایجوکیشن وہاڑی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایچ بلاک وہاڑی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول 35 ڈبلیو بی میں ’’معرکۂ حق‘‘ کی کامیابی کے حوالے سے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔تقریبات میں طلبہ و طالبات نے تقاریر، مباحثوں، ٹیبلو اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ایچ بلاک میں تقریب کی صدارت پرنسپل رفعت نسیم نے کی جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول 35 ڈبلیو بی میں ہیڈ ماسٹر عبد الخالق مہمانِ خصوصی تھے ۔طلبہ نے مختلف پروگرامز کے ذریعے پاک فوج کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وطن سے وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔پرنسپل رفعت نسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی مسلح افواج کے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور نظریاتی یکجہتی ملک کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور ایسی سرگرمیاں نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔