مظفرگڑھ میں ستھرا آر ایچ سی پروگرام شروع، صفائی بہتر
سی ای او ہیلتھ کا اقدام، دیہی ہسپتالوں میں صفائی اور سہولیات میں نمایاں بہتری
خان گڑھ(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ کے صاف ستھرا پنجاب ویژن کی روشنی میں ضلع مظفرگڑھ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض خان گوپانگ نے ’’ستھرا آر ایچ سی‘‘ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ضلع بھر کے تمام آر ایچ سی ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور منظم بنایا گیا ہے ۔ڈاکٹر فیاض خان گوپانگ کے ذاتی اقدام اور نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں میں صفائی، ماحول کی بہتری اور سہولیات کی نگرانی کر رہی ہیں جس کے باعث دیہی مراکز صحت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔مزید برآں صفائی عملے کیلئے خصوصی وردیاں بھی تیار کروائی گئی ہیں تاکہ ان کی شناخت واضح ہو اور کام کو بہتر انداز میں انجام دیا جا سکے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں صفائی بہتر ہونے سے مریضوں کو خوشگوار ماحول میسر آیا ہے ۔اور علاج معالجہ کے نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور سی ای او ہیلتھ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔