پولیو کے خاتمہ میں علماء کے کردار پر ورکشاپ کا اہتمام
جنوبی پنجاب میں کوئی کیس سامنے نہ آنا خوش آئند، محمد حنیف
ملتان (لیڈی رپورٹر) پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پولیو کے خاتمے ، علماء کے کردار، پولیو ورکرز کی معاونت اور ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کے ازالے کے لئے ورکشاپ منعقد ہوئی۔ تقریب میں علماء کرام، طبی ماہرین، سماجی رہنماؤں اور محکمہ صحت کے افسروں نے شرکت کی۔نیشنل چیئر پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی عزیز میمن نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے علماء، والدین، طبی ماہرین اور سماجی حلقوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز قومی ہیرو ہیں جو بچوں کے محفوظ مستقبل کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔پولیو کوآرڈی نیٹر ساؤتھ روٹری کلب ملتان چناب محمد حنیف نے کہا کہ دنیا میں پولیو صرف پاکستان اور افغانستان میں باقی رہ گیا ہے جبکہ پاکستان میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ ساؤتھ پنجاب میں کوئی کیس سامنے نہ آنا خوش آئند ہے ۔ڈبلیو ایچ او ٹیم لیڈر ڈاکٹر عابدی ناصر نے کہا کہ پولیو ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے ، اس بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیاں بے بنیاد ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ اسلام بچوں کی صحت، حفاظت اور بہتر پرورش کا درس دیتا ہے ، اس لئے والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔علماء کرام نے اعلان کیا کہ مساجد، مدارس اور دینی اجتماعات کے ذریعے انسداد پولیو کا پیغام عام کیا جائے گا۔ ورکشاپ میں زور دیا گیا کہ حکومت، عالمی اداروں، مذہبی رہنماؤں اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی پاکستان کو مستقل پولیو فری بنایا جا سکتا ہے ۔