ایپکا کوٹ ادو کی عبوری باڈی تشکیل، عہدیداران مقرر
اجلاس میں کلرکس و ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور مہنگائی میں ریلیف کا مطالبہ
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ایپکا ضلع کوٹ ادو کا اجلاس ضلعی صدر ایپکا مظفرگڑھ وزیر احمد خان دستی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ایپکا کے صوبائی رہنما سید سعید احمد شاہ بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوٹ ادو کی تنظیم کے لیے عبوری باڈی کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کے تحت مختلف عہدیداران کا اعلان کیا گیا۔ محکمہ ایجوکیشن کے محسن رضا کو صدر، میونسپل کمیٹی کے امان اللہ نتکانی کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ اسی طرح چوک سرور شہید سے منیر احمد چانڈیہ نائب صدر، محکمہ زراعت کے محمد نعیم اقبال فنانس سیکرٹری اور پریس سیکرٹری مقرر کیے گئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر احمد خان دستی اور سید سعید احمد شاہ بخاری نے کہا کہ ایپکا پاکستان بھر کے کلرکس اور چھوٹے ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جو ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جائے کیونکہ مہنگائی اور یوٹیلیٹی بلوں کے باعث سب سے زیادہ متاثر چھوٹے ملازمین اور کلریکل سٹاف ہو رہے ہیں۔نو منتخب صدر محسن رضا نے کہا کہ وہ ضلع کوٹ ادو کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے اور ملازمین کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ملازمین کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔