سپورٹس جمنیزیم آرائشی منصوبہ تعطل کا شکار
منصوبے پر 15کروڑ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا، ٹھیکیداروں کی مبینہ غفلت سے ترقیاتی کام سست روی کاشکار، انڈور کھیلوں کی سرگرمیاں بند، موثر مانیٹرنگ نہ ہونے سے لاگت بڑھ گئیسائٹ پر افرادی قوت، وسائل کی کمی ، کھلاڑی گیم چھوڑنے یا نجی کلبوں میں منتقل ، بھاری فیسیں بھی بڑا مسئلہ، مقامی کھلاڑیوں کی حکومت سے منصوبہ فوری مکمل کرنے کی اپیل
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان میں سپورٹس جمنیزیم کی تزئین و آرائش کے لئے مختص 15 کروڑ روپے کا منصوبہ بدستور تعطل کا شکار ہے ، جبکہ ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت اور سست روی کے باعث کام کی رفتار انتہائی کم ہو چکی ہے ، جس سے انڈور کھیلوں کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہو کر رہ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ جمنیزیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، سہولیات کی بہتری اور کھلاڑیوں کو معیاری ماحول فراہم کرنے کے لئے شروع کیا گیا تھا، تاہم تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل نہ ہو سکا۔ متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے مسلسل تاخیر، غیر تسلی بخش کارکردگی اور سائٹ پر افرادی قوت و وسائل کی کمی نے منصوبے کو مزید پیچیدگیوں سے دوچار کر دیا ہے ۔سپورٹس حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی کے باعث کئی مواقع پر کام مکمل طور پر بند بھی رہا، جبکہ نگرانی کے نظام کی کمزوری نے صورتحال کو مزید خراب کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت مانیٹرنگ اور جوابدہی کا مؤثر نظام موجود ہوتا تو منصوبہ اس قدر تاخیر کا شکار نہ ہوتا۔کھلاڑیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جمنیزیم کی بندش کے باعث بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس سمیت دیگر انڈور گیمز ختم ہو چکی ہیں۔ نوجوان کھلاڑی یا تو کھیل چھوڑنے پر مجبور ہیں یا نجی کلبز کا رخ کر رہے ہیں جہاں بھاری فیس ان کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے ۔شہریوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ جمنیزیم جلد فعال ہو سکے اور کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔