پٹرول مہنگا، عوام پریشان، کوٹ ادو میں شدید ردعمل
روزانہ کی بنیاد پر ملنے والی محدود آمدن میں گھر کا خرچ چلانا ناممکن،مزدور طبقہ
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے جبکہ مزدور، سفید پوش اور غریب طبقہ سخت پریشانی کا شکار ہو گیا ہے ۔ ضلعی مرکز کوٹ ادو میں کئے گئے ایک غیر رسمی عوامی جائزے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو اپنی مشکلات میں اضافے کا سبب قرار دیا۔ دیہاڑی دار مزدوروں کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ملنے والی محدود آمدن میں اب گھر کا خرچ چلانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔ ایک مزدور نے بتایا کہ پہلے ہی آٹا، چینی اور دیگر اشیاء مہنگی تھیں اب پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ گئی ہے جس سے فاقوں کی نوبت آ رہی ہے ۔ سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے کہا کہ تنخواہ وہی ہے
مگر اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق مال لانے کے اخراجات بڑھنے سے اشیاء مزید مہنگی فروخت کرنا پڑ رہی ہیں۔ خواتین نے بھی گھریلو بجٹ متاثر ہونے کی شکایت کی۔ شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے ۔