تاجر برادری نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

تاجر برادری نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

حکومت نااہلی، مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی، خواجہ شفیق،طارق کریم

ملتان (لیڈی رپورٹر) بزرگ تاجر رہنما چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق، چودھری طارق کریم، عاطف غفار، شیخ عامر سلیم، مرزا اعجاز علی اور ارشاد احمد بھٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر اضافے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے ۔مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور غریب عوام، محنت کشوں، چھوٹے تاجروں اور کاشتکاروں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق ملازم پیشہ افراد شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ بعض محکموں کے درجہ چہارم ملازمین اور اساتذہ کو تنخواہیں تک نہیں مل رہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کے بجائے غریبوں کے خاتمے کی پالیسی پر گامزن دکھائی دیتی ہے ۔ ملک میں کروڑوں افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور دو وقت کی روٹی اور علاج معالجے سے بھی محروم ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ دوسری طرف حکمران طبقہ اور اداروں کی تنخواہوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے ، جبکہ اربوں روپے کی نئی گاڑیاں اور مراعات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مسلسل قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے تاجر برادری کے لئے رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کی پابندی کو غیر معقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور دیگر محکموں کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں