فتح معرکہ حق کی سالگرہ پر جی ایچ کیو میں تقریب آج ہوگی، فیلڈ مارشل مہمان خصوصی ہوں گے

راولپنڈی: (دنیا نیوز) معرکہ حق میں روایتی دشمن بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کا ایک سال مکمل ہوگیا جس کی مناسبت سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آج پروقار تقریب منعقد ہو گی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے اور شرکاء سے خطاب بھی کریں گے، تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوں گے۔

تقریب میں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے، قبل ازیں معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے قوم اور افواج کو مبارک باد دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، اس کامیابی نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں