فوڈ اتھارٹی کا آپریشن ، 10 من باسی ، بد بودار گوشت برآمد ، 2 ملزم گرفتار
اڈہ ذخیرہ میں کارروائی، مضر صحت گوشت شہر کی مختلف دکانوں، ہوٹلوں میں سپلائی کیا جاناتھا، گاڑی پولیس کے حوالے ،ناقص گوشت فروخت کرنیوالے معاشرے کے ناسور،ڈی جی فوڈ
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر دنیاپور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، شہریوں کو مضر صحت گوشت کھانے سے بچا لیا گیا۔اڈہ ذخیرہ میں گوشت بردار گاڑی کی چیکنگ کے دوران 10من بدبودار اور باسی گوشت برآمد کر لیا گیا۔فوڈ اتھارٹی نے موقع پر گوشت تلف کر دیا، ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج جبکہ 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔گوشت بردار گاڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے پٹرولنگ پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے مضر صحت گوشت برآمد کرلیا۔ برآمد ہونے والا گوشت انتہائی بدبودار اور مضر حالت میں پایا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ویٹرنری ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق یہ گوشت انسانی صحت کے لیے ناقابل استعمال تھا۔مضر صحت گوشت شہر کی مختلف دکانوں اور ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے مضر گوشت موقع پر تلف کرکے گاڑی پولیس کے حوالے کردی جبکہ 2افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے عناصر معاشرے کے لیے ناسور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔