بجلی چوروں اورنادہندگان کیخلاف آپریشن ،کئی کنکشن منقطع

بجلی چوروں اورنادہندگان کیخلاف آپریشن ،کئی کنکشن منقطع

لطف آباد کے نجی سکول ،کلینک اور دوبڑے گھروں میں سے بجلی چوری پکڑ ی گئی بہاولپور سرکل میں نادہندگان کیخلاف کارروائی ،3سولر انورٹرز قبضے میں لے لئے

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی فورسز کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کی ہدایت پر ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن معصب علی سلیمی اور ایس ڈی او بوسن روڈ سب ڈویژن شکیل پاشا کی سربراہی میں ٹیم نے لطف آباد کے علاقے میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی۔کارروائی کے دوران سن رائز کے نام سے قائم ایک پرائیویٹ سکول، ایک نجی کلینک اور دو بڑے گھروں میں بجلی چوری سامنے آئی۔ چاروں صارفین ڈائریکٹ کنڈا سسٹم کے ذریعے ہیوی لوڈ استعمال کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ۔ ٹیم نے کنکشن منقطع کر کے میٹرز اور تاریں اتار لیں جبکہ مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں بھی بھجوا دی گئیں۔

دوسری جانب سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں سوئی والا سب ڈویژن لودھراں میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ایکسین لودھراں ڈویژن اور ایس ڈی او سوئی والا سب ڈویژن کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے بستی میتلا والی، بستی گوگراں، کلیار چوک، چھمب ٹبہ، چک 90 ایم، بستی جھوک اترا، بستی حیات پور اور چھمب کلر والی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 43 لاکھ 70 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 10 مستقل نادہندگان کے کنکشن منقطع کر دئیے ۔مزید کارروائی میں تین نادہندگان کے سولر انورٹرز بھی اتار کر قبضے میں لے لیے گئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں