سیوریج لائن میں ناقص میٹریل استعمال ،شہری سراپا احتجاج

سیوریج لائن میں ناقص میٹریل استعمال ،شہری سراپا احتجاج

اہل علاقہ کا کام کی جانچ اور اصلاح احوال کیلئے کمشنر ملتان سے فوری نوٹس کا مطالبہ

مخدوم رشید (نامہ نگار)شہر میں تقریباً 40کروڑ روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی سیوریج لائن کے کام میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال پر مکین سراپا احتجاج بن گئے ۔ہاشمی چوک سے سیوریج لائن کا کام شروع کیا گیا ہے تاہم اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کام میں اول اینٹ کے بجائے زنجیرہ اینٹ، سیمنٹ کا کم تناسب، پائپوں کے ناقص جوڑ اور غیر معیاری بیڈز کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔مکینوں کے مطابق اس سے قبل بھی بچھائی گئی سیوریج لائن ناقص میٹریل کے باعث ناکارہ ہو چکی ہے اور اردگرد کے گھروں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر اسی طرح غیر معیاری کام جاری رہا تو نہ صرف مکانات متاثر ہوں گے بلکہ نئے تعمیر ہونے والے پختہ روڈ کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔اہل علاقہ نے کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع پر آ کر صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور منصوبے میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی نقصان سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں