ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن میں سو فیصد اضافے کا مطالبہ
ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن میں سو فیصد اضافے کا مطالبہ مہنگائی نے ملازمین اور پنشنرز کی مشکلات بڑھادیں، مراعات بحال کی جائیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)ریٹائرڈ ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ملتان رانا ولایت علی اور ریٹائرڈ ایس ایس ٹی گورنمنٹ ہائی سکول شجاع آباد سید مجاہد حسین زیدی نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ 2026-27 میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے اب تک اشیائے خوردونوش اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں پانچ سے دس گنا تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں دی گئی متعدد مراعات بھی واپس لی جاچکی ہیں جس کے باعث ملازمین اور پنشنرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے ملازمین اور پنشنرز پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان کی سلب شدہ مراعات فوری بحال کی جائیں تاکہ وہ موجودہ مہنگائی کے دور میں بہتر انداز سے زندگی گزار سکیں۔