زکریا یونیورسٹی :طلباء کی ہربل مصنوعات کی شاندار نمائش
زکریا یونیورسٹی :طلباء کی ہربل مصنوعات کی شاندار نمائشطلباء نے ویٹرنری ہربل میڈیسن کے تحقیقی منصوبے پیش کرکے داد وصول کی
ملتان (خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی ملتان کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے شعبہ کلینیکل سائنسز میں طلباء کی تیار کردہ ہربل مصنوعات کی نمائش منعقد ہوئی۔ ڈی وی ایم کے آٹھویں سمسٹر کے طلباء نے ہربل ویٹرنری میڈیسن سے متعلق مختلف تحقیقی منصوبے پیش کئے ۔چیئرمین شعبہ کلینیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر عرفان انور اور ڈاکٹر اعجاز احمد نے طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد صرف کتابی علم دینا نہیں بلکہ طلباء میں تحقیق، جدت اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا بھی ہے تاکہ وہ مستقبل میں نوکریاں تلاش کرنے کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں۔نمائش میں پروفیسر ڈاکٹر تنویر احمد اور ڈاکٹر سعید مرتضیٰ کی رہنمائی نمایاں رہی۔ انہوں نے طلباء کو ہربل ویٹرنری میڈیسن کے شعبے میں جدید تحقیق اور عملی تربیت فراہم کی۔ طلباء نے مختلف جڑی بوٹیوں پر مبنی ادویات، ان کے استعمال اور جانوروں کی صحت پر مثبت اثرات سے متعلق منصوبے پیش کئے جنہیں شرکاء اور اساتذہ نے پسند کیا۔پروفیسر ڈاکٹر تنویر احمد اور ڈاکٹر سعید مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہربل میڈیسن ویٹرنری سائنس میں مستقبل کی اہم ضرورت ہے اور طلباء کو روایتی علم کو جدید سائنسی تحقیق کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔