الخدمت فاؤنڈیشن ،مستحقین میں اجتماعی قربانی کاگوشت تقسیم
غریب اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا دینی اور انسانی فریضہ،احمد علی
وہاڑی(خبرنگار،نمائندہ خصوصی)وہاڑی کے علاقے کرم پور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اجتماعی قربانی کے گوشت کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن کرم پور راؤ احمد علی نے مستحق خاندانوں میں گوشت تقسیم کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال اجتماعی قربانی کے ذریعے مستحق افراد تک قربانی کا گوشت پہنچاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر غریب اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا دینی اور انسانی فریضہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ تقسیمِ گوشت کے دوران مستحق افراد نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو سراہا اور دعا دی۔ مقامی رضاکاروں نے بھی انتظامات میں بھرپور تعاون کیا اور گوشت کی منظم تقسیم کو یقینی بنایا۔