ریونیو اہداف فوری حاصل کرنے کا حکم

ریونیو اہداف فوری حاصل کرنے کا حکم

افسروں کو فیلڈ میں سرگرم ہونے کی ہدایت، مقررہ اہداف ہر صورت پورے کئے جائیں، غفلت پر متعلقہ افسر کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ، عوام سے واجبات ادائیگی کی اپیل محصولات کی وصولی سے ترقیاتی منصوبوں ، عوامی فلاحی اقدامات میں تیزی لائی جاسکتی، افسر ذمہ داری ، دیانت داری ،شفافیت کیساتھ فرائض سرانجام دیں، ڈی سی نعمان صدیق

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ریونیو واجبات کی وصولی اور محصولات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر اور متعلقہ ریونیو افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے واجبات کی وصولی، بقایاجات کی صورتحال اور مقررہ اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ محصولات کی بروقت وصولی سے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملتی ہے ، اس لئے ریونیو افسر ذمہ داری، دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔اجلاس میں ریونیو ریکوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے ، بقایاجات کی وصولی یقینی بنانے اور محکمانہ کارکردگی میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو مقررہ اہداف کے حصول کے لئے بھرپور محنت اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے افسروں کو فیلڈ میں سرگرم ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ اہداف ہر صورت پورے کئے جائیں، غفلت پر متعلقہ افسر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،انہوں نے عوام سے واجبات ادائیگی کی اپیل کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں