فکس ٹیکس سکیم قابل عمل بنائی جائے، سمال ٹریڈرز
25ہزار روپے ٹیکس مقرر کرنا چھوٹے تاجروں کو قبول نہیں،ظفر صدیق
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر نے وفاقی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی سمال ٹریڈرز فکس ٹیکس سکیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسے تاجروں کے لئے مزید آسان اور قابلِ عمل بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ چھوٹے تاجر اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی، چیئرمین احتشام الحق، جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری، سینئر نائب صدر حاجی اصغر اکبر اور دیگر تاجر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سکیم میں رجسٹریشن فیس یا ابتدائی کم از کم ٹیکس کی رقم 25 ہزار روپے مقرر کرنا چھوٹے تاجروں کے لئے مشکل ہے ، اس لیے اسے کم کرکے 5 ہزار روپے کیا جائے تاکہ تاجر رضاکارانہ طور پر سکیم میں شامل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ سکیم کا دورانیہ 3 سال کے بجائے 5 سال ہونا چاہیے تاکہ تاجروں کو طویل المدتی استحکام اور اعتماد حاصل ہو۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ذرائع آمدن کے علاوہ دیگر آمدنی پر ٹیکس کی شرح واضح نہ ہونے سے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے ، اس لئے حکومت اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مکمل وضاحت فراہم کریں۔تاجر رہنماؤں نے مزید کہا کہ ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس بھی قابلِ غور ہے کیونکہ متعدد کاروباری شعبوں میں منافع کی شرح انتہائی کم ہے ، جبکہ بعض شعبوں میں پہلے ہی 0.25 فیصد ٹیکس کی شرح نافذ ہے ۔ لہٰذا ٹرن اوور ٹیکس کو بھی کم کرکے 0.25 فیصد کیا جائے ۔انہوں نے حکومت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کی مشاورت سے سکیم میں ضروری ترامیم کی جائیں ۔