35 ہزار سکول اساتذہ کیلئے انگلش ٹریننگ پروگرام شروع
عالمی اداروں کے اشتراک سے تدریسی صلاحیتوں میں بہتری لانے کا اقدام
ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن نے سرکاری سکولوں کے 35 ہزار اساتذہ کی انگریزی زبان پر عبور بہتر بنانے کیلئے اسپوکن انگلش لینگویج ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ پروگرام کے تحت اساتذہ کو انگریزی زبان بولنے ، لکھنے اور مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق تربیتی پروگرام بین الاقوامی ادارے برلٹز اور این آر ٹی سی کے اشتراک سے چلایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں کلاس رومز میں طلبہ کی بہتر رہنمائی کے قابل بنانا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ تربیت کے آغاز سے قبل اساتذہ کی موجودہ انگریزی مہارت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پروگرام میں شرکت کیلئے اسیسمنٹ گوگل فارم مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ تربیتی سیشنز قریبی نامزد ڈسٹرکٹ پیکٹا ہیڈ آفسز یا منتخب سکولوں میں منعقد ہوں گے ۔محکمہ کے مطابق کلاسز ہفتے میں دو مرتبہ ہوں گی اور ہر سیشن کا دورانیہ دو گھنٹے پندرہ منٹ مقرر کیا گیا ہے ۔ پروگرام میں منتخب تمام اساتذہ کیلئے ہر سیشن میں سو فیصد حاضری لازمی ہوگی تاکہ تربیت کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ اقدام سرکاری سکولوں میں انگریزی تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی زبان دانی کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے ۔