ایس ای میپکو کاورکشاپ میں ٹرانسفارمرز کی مرمت کاجائزہ
صارفین کی مشکلات پر ٹرانسفارمرز کی مرمت ، تیاری کا عمل تیزکرنیکی ہدایت
ملتان(خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشنز میپکو سرکل عبدالحفیظ بھٹی نے بجلی نظام کی بحالی کے سلسلے میں ٹرانسفارمر رز ورکشاپ رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ انہوں نے ورکشاپ میں زیرِ مرمت اور جلنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی مرمت، اوورہالنگ اور تیاری کے مختلف مراحل کا معائنہ کیااور خراب ٹرانسفارمرز کی تعداد، مرمتی کام کی رفتار، دستیاب وسائل اور ورکشاپ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ عبدالحفیظ بھٹی نے ورکشاپ کے افسروں اور عملے کو ہدایات جاری کرتے کہا کہ شدید گرمی اور خراب موسمی حالات میں بجلی صارفین کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسفارمرز کی مرمت اور تیاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ خراب ٹرانسفارمرز کو کم سے کم وقت میں بحال کرکے متعلقہ فیلڈ دفاتر کو فراہم کیا جا سکے ۔ معیار اور حفاظتی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام مرمتی کام میپکو کے مقررہ تکنیکی معیارات کے مطابق مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا میپکو انتظامیہ صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ خراب اور جلنے والے ٹرانسفارمرز کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور صارفین کی شکایات ازالے کو یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر ایکسین میپکو ڈویژن رحیم یار خان اقبال بھٹو بھی ہمراہ تھے ۔