محرم الحرام کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز کا انعقاد

محرم الحرام کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز کا انعقاد

مختلف اداروں کی شرکت، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی عملی مشق کی گئی

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)محرم الحرام 2026 کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی جانب سے ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان کی زیر نگرانی امام بارگاہ ٹپی حسین آباد میں کی گئی۔اس موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس، پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مشق کا مقصد محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اداروں کے باہمی تعاون، رسپانس ٹائم اور عملی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔دورانِ مشق فرضی ایمرجنسی صورتحال کو تخلیق کیا گیا جس پر تمام اداروں نے بروقت اور مربوط انداز میں رسپانس دیتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، انخلاء، ابتدائی طبی امداد اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔امام بارگاہ کے منتظم سید غضنفر نقوی نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی مشقیں انتہائی اہم ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو ہر ممکن حفاظتی اور ہنگامی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں