محرم الحرام، امن و امان کیلئے انتظامیہ اور پولیس متحرک

محرم الحرام، امن و امان کیلئے انتظامیہ اور پولیس متحرک

امن کمیٹی اجلاس، جلوس روٹس کا جائزہ، سکیورٹی انتظامات مزید سخت

جہانیاں (نامہ نگار) محرم الحرام کے دوران امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے تحصیل انتظامیہ، پولیس اور امن کمیٹی متحرک ہو گئی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں فہد نور کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس اے سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ایس ڈی پی او سرکل جہانیاں ملک عبدالمجید، میونسپل کمیٹی کے افسران اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں عشرہ محرم کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس، مجالس کے سکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فہد نور نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

 انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے ۔ایس ڈی پی او ملک عبدالمجید نے کہا کہ پولیس محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر الرٹ ہے اور مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او نے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ادھر جہانیاں پیرا فورس نے محرم الحرام کے پیش نظر میاں پور میں امام بارگاہ حیدریہ اور جلوس کے روٹس پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں