میاں چنوں میں محرم انتظامات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کا دورہ، روٹس سے تجاوزات و تاریں فوری ہٹانے کی ہدایت
خانیوال ،میاں چنوں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ،سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے میاں چنوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کی تیاریوں سمیت جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں ساجدہ رزاق کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے جبکہ لٹکتی ہوئی بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی تاروں کو فوری طور پر ہٹا کر عزاداران کے لیے راستہ محفوظ بنایا جائے ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ریلوے انڈر پاس پر زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل بارش کے پانی کے ذخیرہ اور نکاسی آب کے دونوں منصوبے مکمل کیے جائیں۔انہوں نے میاں چنوں کے چار مرکزی بازاروں میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران تمام تعمیراتی مقامات کو محفوظ انداز میں بند کیا جائے۔ اور ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب میاں چنوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ بازاروں کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا حسن بہتر ہوگا اور شہریوں کو خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ کی بہتری اور تزئین و آرائش کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔