سیوریج،واٹرسپلائی ماسٹر پلان پر کام تیز کرنیکا حکم

سیوریج،واٹرسپلائی ماسٹر پلان پر کام تیز کرنیکا حکم

پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 25ارب لاگت سے سکیموں پر کام کیا جارہا

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت واسا ملتان کے 40 سالہ جامع سیوریج و واٹر سپلائی ماسٹر پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے ، بوسیدہ انفراسٹرکچر کی تبدیلی اور سہولیات سے محروم علاقوں تک خدمات کی فراہمی کے لئے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جاری 25 ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے علاوہ ان علاقوں کی ضروریات اور مسائل پر بھی غور کیا گیا جو موجودہ پروگرام میں شامل نہیں ہیں۔شرکاء نے شہر کے باقی ماندہ علاقوں کو مرحلہ وار سیوریج اور واٹر سپلائی سہولیات فراہم کرنے کے لئے طویل المدتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ پلان میں بوسیدہ سیوریج و واٹر سپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی، غیر خدمت یافتہ آبادیوں کی کوریج میں اضافہ اور جدید ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں۔ منصوبے کا مقصد شہری آبادی کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور گندے پانی کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانا ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل کی شہری ضروریات اور آبادی میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل اور پائیدار تجاویز مرتب کی جائیں۔اجلاس میں مجوزہ سفارشات کو حتمی شکل دے کر حکومت پنجاب کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں