ہارٹی کلچر ایجنسی کا شہر کو سرسبز بنانے کا مشن،گرین بیلٹس پر شجرکاری
میٹروروٹ، عیدگاہ ، جمیل آباد گرین بیلٹس پر گھاس پھل اور سایہ دار درخت لگانے کا آغاز، موسمی پھولوں کی پنیری کی شجرکاری بھی کی جارہی، ایم سید وسیم حسن
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے مشن کو جاری رکھا ہوا ہے ۔ ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن کی ہدایات پر شہر کی گرین بیلٹس اور چوکوں پر گھاس اور پودوں کی شجرکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔میٹرو روٹ، عید گاہ گرین بیلٹ، جمیل آباد روڈ گرین بیلٹ سمیت دیگر مقامات پر گھاس لگانے کا عمل جاری ہے ۔ اس کے ساتھ عید گاہ روڈ اور ہائی کورٹ روڈ پر موسمی پھولوں کی پنیریوں کی شجرکاری بھی کی جا رہی ہے ۔ایم ڈی سید وسیم حسن نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی گرین بیلٹس کو خوبصورت اور پائیدار بنانے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے ۔ گرین بیلٹس پر پانی کی فراہمی کو بھی بھرپور طریقے سے یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ پودوں کی بہتر افزائش ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ ادارہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین وژن کے مطابق شہر کو ماحول دوست اور سرسبز بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے ۔