اسسٹنٹ کمشنر کا 24 گھنٹوں میں جوہڑ ختم کرنے کا حکم
مارکیٹ گندے پانی کے جوہڑ، بدبو اور تعفن کا نوٹس ، شدید برہمی کا اظہار
چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا) مظہر مارکیٹ میں ڈسپوزل اسٹیشن کی بندش اور سیوریج کا گندہ پانی جمع ہونے کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید ملک محمد اقبال لانگ نے اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مارکیٹ میں جمع گندے پانی کے جوہڑ، بدبو اور تعفن کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خواجہ کاشف کی سرزنش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ڈسپوزل مشینری کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ شہری آبادی سے نکاسی آب کا نظام بلا تعطل جاری رہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تحصیل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملک محمد اقبال لانگ نے متعلقہ حکام کو مشینری کی فوری مرمت اور نظام کی بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں گندے پانی کے جوہڑ ختم کرنے کا حکم دیا۔ اہلیان علاقہ نے اسسٹنٹ کمشنر کے فوری نوٹس اور کارروائی کو سراہا۔