ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے :محمد اشرف
عاشورہ سے قبل مرکزی بازار کا تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کیا جائے : ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی وراثتی معاملات میں کوائف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
لودھراں (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مین بازار اور بھٹہ خمیسہ روڈ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے روٹس پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے میٹریل کی کوالٹی اور تعمیراتی معیار کو چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عاشورہ سے قبل مرکزی بازار کا تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ دورے کے دوران ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر محمد محسن، زین حیدر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری اور پائیدار ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بھٹہ خمیسہ روڈ پر ٹف ٹائلز کے لیول، نکاسی آب اور پانی کے بہاؤ کے لیے پائپ لائنز کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف اوپن ڈور پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بزرگ شہریوں کے پاس جا کر بھی ان کے مسائل سنے ۔ انہوں نے نوجوانوں کی ملازمت سے متعلق درخواستیں متعلقہ محکموں کو بھجوانے ، نقشہ منظوری کے پراسس کو تیز کرنے اور وراثتی معاملات میں کوائف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی بہتر بنانے ، ماحول دوست اقدامات اپنانے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے ۔