ٹریننگ میں اساتذہ کی حاضری 20 سے بڑھ کر 83 فیصد ہوگئی
ٹریننگ میں اساتذہ کی حاضری 20 سے بڑھ کر 83 فیصد ہوگئی سی ای او اور ڈی او ایجوکیشن کی حکمت عملی کامیاب، مانیٹرنگ سے نمایاں بہتری آئی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) محکمہ تعلیم مظفرگڑھ کی جانب سے جاری انگریزی ٹریننگ پروگرام میں سی ای او ایجوکیشن نزہت پروین اور ڈی او ایجوکیشن ایلیمنٹری شاہد سیال کی مسلسل کوششیں کامیاب ثابت ہوئیں۔ ابتدائی طور پر ٹریننگ میں اساتذہ کی حاضری تقریباً 20 فیصد تھی، تاہم مؤثر حکمت عملی، مسلسل رابطوں، اجلاسوں اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نتیجے میں صرف دو روز کے اندر حاضری بڑھ کر 83 فیصد تک پہنچ گئی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اساتذہ کو ٹریننگ کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور انہیں بھرپور انداز میں شرکت کی ترغیب دی گئی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔ ضلعی تعلیمی افسران کا کہنا ہے کہ انگریزی ٹریننگ کا مقصد اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ تعلیمی حلقوں نے اساتذہ کی حاضری میں نمایاں اضافے کو ضلعی تعلیمی انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی اور مسلسل فالو اپ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں حاضری کا تناسب مزید بہتر ہوگا۔