کاروباری پابندیاں فوری ختم نہ کرنے پر ہڑتال کا اعلان

کاروباری پابندیاں فوری ختم نہ کرنے پر ہڑتال کا اعلان

کاروباری پابندیاں فوری ختم نہ کرنے پر ہڑتال کا اعلانانرجی بحران کی آڑ میں رات 9 بجے دکانیں بند کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات

ملتان (لیڈی رپورٹر)قومی تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی صدر سلطان محمود ملک کی زیر صدارت اجلاس میں کاروباری پابندیوں کے خاتمے اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ انرجی بحران کی آڑ میں رات 9 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ تاجروں کے لیے شدید معاشی مشکلات کا باعث ہے ، جسے فوری طور پر واپس لیا جائے ، بصورت دیگر ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ اجلاس میں صدر جنوبی پنجاب ملک اکرم سگو، چیئرمین شیخ محمد شفیق، ضلعی صدر ملک مقبول کھوکھر، سٹی صدر ملک اقبال جاوید، جنرل سیکرٹری یعقوب مغل اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری سرگرمیوں پر پابندیاں کسی صورت قابل قبول نہیں اور حکومت کو تاجروں کو مکمل کاروباری آزادی فراہم کرنا ہوگی۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلطان محمود ملک نے کہا کہ معیشت کا انحصار تاجر برادری پر ہے ، لہٰذا ان کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کاروباری پابندیاں ختم کی جائیں اور مارکیٹوں کو آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے ۔ دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی، پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں نے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے ، جبکہ لوڈشیڈنگ نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے توانائی کی قیمتوں میں کمی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس کے اختتام پر حکومت سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں