بلاول بھٹو ملکی سیاست کے باصلاحیت رہنما ہیں، پی پی رہنما
بلاول بھٹو ملکی سیاست کے باصلاحیت رہنما ہیں، پی پی رہنما حذیفہ رحمٰن کی تنقید مسترد، سیاسی بیانات حقائق کے منافی قرار دے دئیے
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری موجودہ ملکی سیاست کے باصلاحیت اور دور اندیش رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤثر مؤقف پیش کیا اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا، جبکہ پارلیمنٹ میں ان کی سنجیدہ اور مہذب سیاست کو عوام سراہتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے والے حذیفہ رحمٰن کا سیاسی کردار محدود ہے اور ان کے بیانات حقائق کے منافی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ بیانات کا مقصد سیاسی شہرت حاصل کرنا اور بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے فائدہ اٹھانا ہے۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں نے مزید کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ سیاسی نعروں کے بجائے عملی کارکردگی کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت مثبت سیاست، جمہوری استحکام اور عوامی مسائل کے حل کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔