لڑائی جھگڑوں کے 3واقعات، فائرنگ، تشدد، اغوا کے مقدمات

 لڑائی جھگڑوں کے 3واقعات، فائرنگ، تشدد، اغوا کے مقدمات

لڑائی جھگڑوں کے 3واقعات، فائرنگ، تشدد، اغوا کے مقدمات سروس اسٹیشن مالک زخمی، خاتون پر حملہ، شہری اغوا، پولیس کارروائی شروع

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ) ضلع کوٹ ادو میں لڑائی جھگڑوں اور اقدام قتل کے تین مختلف واقعات میں ایک سروس اسٹیشن مالک زخمی، ایک خاتون پر تشدد اور کلہاڑی سے حملہ جبکہ ایک شخص کو مبینہ طور پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے اور نقدی چھیننے کے مقدمات درج کر لیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ محمود کوٹ کے علاقے موضع بیٹ اترا میں سروس اسٹیشن کے مالک نذیر حسین عرف نذیر احمد نے پولیس کو بتایا کہ نیاز چانڈیہ نے سروس اسٹیشن پر آ کر دھمکیاں دیتے ہوئے 30 بور پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب تھانہ صدر کوٹ ادو کے علاقے موضع شیخ عمر میں زمین کے تنازع پر مرید حسین اور تین ساتھیوں نے مبینہ طور پر نسرین بی بی کو آہنی مکوں، گھونسوں اور الٹی کلہاڑی کے وار سے زخمی کیا، زمین پر گھسیٹا اور عزت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ تیسرے واقعہ میں تھانہ قصبہ گجرات کے علاقے موضع بیٹ رتونیہ میں اراضی تنازع پر نصیر اور اس کے ساتھیوں نے محمد شریف کو مبینہ طور پر اغوا کر کے حبس بے جا میں رکھا، تشدد کیا اور اس کی جیب سے گرنے والے 55 ہزار روپے اٹھا لیے ۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں