مون سون ،انتظامیہ حفاظتی اقدامات میں تیزی لائے ،عثمان ڈوگر

مون سون ،انتظامیہ حفاظتی اقدامات میں تیزی لائے ،عثمان ڈوگر

شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ہنگامی اقدامات بروئے کارلائے جائیں

ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ملک محمد عثمان ڈوگر نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے ، حکومت اور مقامی انتظامیہ ابتدائی وارننگ سسٹم کو ہر وقت فعال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ندیوں، دریاؤں اور نالوں کے کنارے آباد شہریوں کو بروقت الرٹ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے جامع ہنگامی منصوبہ تیار رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نالوں کی بروقت صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری علاقوں میں واٹر لاگنگ کے خاتمے کے لئے ڈرینیج سسٹم کی باقاعدہ دیکھ بھال ناگزیر ہے ، جبکہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے ری چارج ویلز اور ذخیرہ آب کے منصوبے بھی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ملک محمد عثمان ڈوگر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مون سون سے قبل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، جس میں پینے کا پانی، خشک راشن، ادویات، ٹارچ، بیٹریاں اور ضروری دستاویزات شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں پانی داخل ہونے کی صورت میں برقی آلات محفوظ اور اونچی جگہ پر منتقل کئے جائیں جبکہ بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری، جنگلات کا تحفظ اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام طویل المدتی بنیادوں پر سیلابی خطرات کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔ اگر سیلابی صورتحال پیدا ہو جائے تو شہری غیر ضروری طور پر پانی میں داخل ہونے سے گریز کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں