حضرت امام حسین ؓ نے سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیا،عبدالسمیع
نواسہ رسول ؐ کی سیرت وکردار امت کیلئے مشعل راہ ہے ، خطاب
ملتان (کرائم رپورٹر )سیرت سیدناامام حسین ؓ ہمیں حق اور سچ کا ساتھ دینے کا سبق دیتی ہے اور محرم الحرام اخوت و اتحاد و محبت کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار دربار حضرت پیر جندن شاہ ؒ و حضرت پیر سید امیر شاہ ؒکے سجادہ نشین مخدوم ڈاکٹر پیر سید محمد عبدالسمیع شاہ نے جامع مسجد سید پیر امیر شاہ اللہ شافی چوک پر منعقدہ سالانہ سیدنا امام حسینؓ کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ نفرتوں اور فرقہ واریت کے خاتمہ اور محبت و احترام کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین سید جہانزیب اسلم شاہ نے کہا کہ شہید کربلا کی سیرت و کردار امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے ، اور آج کے وقت کی اہم ضرورت ہے ، ہمیں چاہئے کہ ہم نواسہ رسولؐ سے عقیدت و محبت کا اظہار ان کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری عارف سعیدی نے کہا کہ شہداء کربلا نے آنیوالے وقت اور امت مسلمہ کے لئے جو عظیم قربانی دی وہ ہمارے لئے باعث تقلید ہے ۔ اس موقع پر وقاص رضا قادری نے نعت رسول مقبول و منقبت اہل بیت پیش کیں۔ کانفرنس میں علامہ مرزا محمد الیاس ، انجینئر سیف اللہ خان سرانی ، پیر سید مدثر حسین شاہ ، فیاض حسین بھٹہ ایڈووکیٹ و اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔آخر میں ڈاکٹر پیر سید محمد عبدالسمیع نے کشمیر فلسطین امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments