پیکٹا میں ضم ملازمین کے مالی و انتظامی مسائل تاحال برقرار

پیکٹا میں ضم ملازمین کے مالی و انتظامی مسائل تاحال برقرار

کیڈر تبدیلی، سروس اسٹرکچر اور پنشن اضافہ مؤخر،ملازمین کا قانون سازی کا مطالبہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے قیام کو ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود ضم شدہ اداروں کے سینکڑوں ملازمین کے انتظامی اور مالی معاملات تاحال حل نہ ہو سکے ۔ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کے کیڈرز کی تبدیلی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا، جبکہ پی سی ٹی بی، پیک اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کے سروس سٹرکچر کا فیصلہ بھی زیر التوا ہے ۔ملازمین کے مطابق کیڈر کی تبدیلی سے تنخواہوں میں اضافہ ممکن ہوگا، تاہم تاخیر کے باعث پیک اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کی تنخواہیں اب بھی پی سی ٹی بی کے ملازمین سے کم ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پیکٹا میں انضمام کے باوجود انہیں اتھارٹی کا باقاعدہ ملازم تسلیم نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی سی ٹی بی کے 250 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن میں پانچ فیصد اضافہ اور حاضر سروس ملازمین کو 10 فیصد سالانہ انکریمنٹ بھی ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا۔ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ قانون سازی کے ذریعے سروس اسٹرکچر اور کیڈر کی تبدیلی کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ تمام مالی و انتظامی مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے ۔دوسری جانب پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ سروس سٹرکچر اور کیڈر کی تبدیلی سے متعلق امور پر تیزی سے کام جاری ہے اور تمام معاملات جلد مکمل کر لئے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...