پٹرول ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف گرینڈ آپریشن
اے سیز، پیرا فورس، سول ڈیفنس ٹیموں کی مشترکہ کارروائیاں، 10پمپس سربمہر
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس اور سول ڈیفنس کی مشترکہ ٹیموں نے مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے مارے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر، اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا مکرم سلطان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ثناء رام چند نے فیلڈ مانیٹرنگ کرتے ہوئے پٹرول پمپس کے سٹاک، سپلائی چین، پیمانوں اور فروخت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کارروائی کے دوران پیمانوں میں ردوبدل، سپلائی روکنے اور دیگر بے ضابطگیوں پر 10 سے زائد پٹرول پمپس کو سربمہر کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں پٹرول پمپس کے سٹاک، سپلائی چین اور فروخت کی مسلسل مانیٹرنگ شروع کر دی ہے ، ضلع میں پٹرول کا وافر سٹاک موجود ہے اور سپلائی میں کسی قسم کا تعطل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح ہدایت جاری کی کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے ، پٹرول و ڈیزل ذخیرہ کرنے یا سپلائی روکنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملتان کیلئے میگا بیوٹیفکیشن پراجیکٹ دیئے ہیں جن پر دن رات کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ روشن اور خوبصورت ملتان\" کے تحت تاریخی گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کی بحالی و بیوٹیفکیشن کا منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں اور کنٹریکٹرز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments