کوٹ اسلام کا بی ایچ یو چند ماہ میں بڑا طبی مرکز بن گیا
مریضوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ، نارمل ڈلیوری سمیت بنیادی سہولیات فراہم
جودھ پور (نمائندہ دنیا)کوٹ اسلام میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے ، جہاں بنیادی مرکز صحت کو آؤٹ سورس کر کے قائم کیا گیا **مریم ہیلتھ کلینک** چند ماہ میں علاقے کے اہم طبی مرکز کی حیثیت اختیار کر گیا ہے ۔ 2025ء میں بنیادی مرکز صحت کوٹ اسلام کی آؤٹ سورسنگ کے بعد ادارے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہیلتھ منیجر ڈاکٹر حافظہ معروفہ طارق کی مؤثر حکمت عملی، بہتر انتظامی اقدامات اور عملے کی محنت کے باعث مریضوں کی تعداد 300 سے 400 ماہانہ سے بڑھ کر 1800 سے 2000 تک پہنچ گئی ہے ۔ اسی طرح حاملہ خواتین کے طبی معائنے (اے این سی) کی سہولت حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد بھی 20 سے 25 ماہانہ سے بڑھ کر 250 سے 300 تک جا پہنچی ہے ۔رپورٹ کے مطابق سب سے اہم کامیابی یہ ہے کہ جہاں پہلے نارمل ڈلیوری کی سہولت دستیاب نہیں تھی، وہاں اب ہر ماہ 20 سے 25 محفوظ نارمل ڈلیوریاں کامیابی سے کرائی جا رہی ہیں، جس سے خواتین کو دور دراز ہسپتالوں کے سفر سے نجات ملی ہے ۔مریم ہیلتھ کلینک میں خاندانی منصوبہ بندی، بعد از زچگی نگہداشت، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائی قلت کی اسکریننگ سمیت دیگر بنیادی طبی سہولیات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ غذائی قلت کی اسکریننگ کے کیسز 20 سے 40 ماہانہ سے بڑھ کر 400 سے 600 تک پہنچ گئے ہیں۔ مکینوں، سماجی شخصیات اور شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے اصلاحاتی اقدامات دیگر بنیادی مراکز صحت میں بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments