مون سون، سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے ادارے ہائی الرٹ

مون سون، سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے ادارے ہائی الرٹ

نالوں کی ڈی سلٹنگ مکمل ، تجاوزات ختم ،محکموں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ممکنہ سیلاب اور مون سون کی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس نے گزشتہ سال کے ریسکیو و ریلیف آپریشن، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات، حساس مقامات، دستیاب مشینری، ریسکیو آلات، امدادی کیمپوں اور بین المحکمہ رابطہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے واسا اور تمام میونسپل کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ مون سون سے قبل نالوں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی سو فیصد ڈی سلٹنگ ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے فلڈ بندوں پر قائم تجاوزات فوری ختم کرنے اور حفاظتی پشتوں کو ہر وقت کلیئر رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔حنا ارشد نے کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں، ضروری مشینری، ریسکیو آلات اور عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے جبکہ بین المحکمہ رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز میاں چنوں، کبیروالا اور جہانیاں، ایم ڈی واسا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...