سبزی منڈی میں فیس وصولی پر رکشہ ڈرائیوروں کا احتجاج
مین شاہراہ دو گھنٹے بند، ٹریفک معطل، مبینہ انٹری و پارکنگ فیس ختم کرانے کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب حکومت کی جانب سے غلہ منڈیوں اور سبزی منڈیوں میں انٹری اور پارکنگ فیس ختم کرنے کے دعوے کے باوجود ضلع کوٹ ادو میں مبینہ طور پر فیس وصولی جاری رہنے کے خلاف رکشہ ڈرائیوروں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کوٹ ادو سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے باہر مین شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث دو گھنٹے تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کی غلہ منڈیوں اور سبزی منڈیوں میں انٹری فیس اور پارکنگ فیس ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود ضلع کوٹ ادو میں ٹھیکیدار کی جانب سے مبینہ طور پر فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وصولی سے رکشہ ڈرائیوروں، کاشتکاروں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے ۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومتی احکامات پر فوری عملدرآمد کرایا جائے اور اگر فیس وصولی غیر قانونی ہے تو اسے فوری بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔احتجاج کے باعث سبزی منڈی آنے والے شہریوں اور تاجروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments