مختلف ادبی تنظیموں کے وفد کی ڈی سی مظفرگڑھ سے ملاقات
پاک ٹی ہاؤس ، مشاعروں کی سرپرستی ، ادبی شخصیات کے نام پر شاہراہوں کی تجاویز
مونڈکا (نامہ نگار)معروف سینئر شاعر اور گونج ادبی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سلیم نتکانی کی قیادت میں مختلف ادبی تنظیموں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ، ادیبوں اور شاعروں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں بزم ستاری مظفرگڑھ کے چیئرمین مخدوم نوید ستاری، وائس چیئرمین شکیل عادل، دبستانِ رضا کے چیئرمین یاسین رضا ٹوانہ اور ترین ادبی فاؤنڈیشن مظفرگڑھ کے چیئرمین راشد ترین بھی شامل تھے ۔ادبی وفد نے مطالبہ کیا کہ مظفرگڑھ کی اہم شاہراہوں کو معروف ادبی شخصیات مخدوم غفور ستاری اور رضا ٹوانہ کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ اس کے علاوہ ضلع میں پاک ٹی ہاؤس کے قیام، قومی و سرکاری تقریبات میں مقامی شاعروں کو بھرپور نمائندگی دینے اور سرکاری سرپرستی میں باقاعدگی سے مشاعروں کے انعقاد کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادب اور ثقافت کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مطالبات اور تجاویز کا جائزہ لے کر انہیں مرحلہ وار عملی شکل دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ ضلع میں ادبی سرگرمیوں کو مزید فروغ مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments