سمال چیمبر تاجروں کے حقوق کیلئے سرگرم، ظفر اقبال
مارکیٹوں میں جمہوری روایات کے استحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی، جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ چیمبر ہمیشہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مارکیٹوں میں جمہوری روایات کے استحکام کے لئے عملی کردار ادا کرتا رہے گا۔مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف مارکیٹوں اور تجارتی تنظیموں کی درخواست پر چیمبر مکمل غیر جانبداری کے ساتھ بااعتماد افراد پر مشتمل الیکشن کمیشن تشکیل دیتا ہے تاکہ تمام امیدواروں کو مساوی مواقع میسر آئیں اور انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل ہو۔انہوں نے کہا کہ حالیہ چونگی نمبر 22 تا ناز سینما موڑ مارکیٹ کے انتخابات خوش اسلوبی، نظم و ضبط اور شفاف انداز میں منعقد ہوئے ، جن میں تاجروں نے بھرپور شرکت کی۔ تمام امیدواروں اور ووٹرز کے تعاون سے انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جس سے جمہوری اقدار کو مزید تقویت ملی۔چیمبر کے عہدیداروں نے الیکشن کمیشن کے ارکان شیخ عبدالندیم، ساجد رضوان جگنو، حافظ یاسر رحمن اور سردار آصف بلوچ کی دیانتداری، غیر جانبداری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز میں منتخب مارکیٹ قیادت تاجروں کے مسائل کے حل، صفائی، سکیورٹی، تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اداروں سے بہتر رابطوں کے ذریعے تاجر برادری کی مؤثر نمائندگی کر سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments