میپکو نادہندگان ،بجلی چوروں کیخلاف آپریش ، ریکوری مہم تیز
میپکو نادہندگان ،بجلی چوروں کیخلاف آپریش ، ریکوری مہم تیز
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی ہدایت پر میپکو ریجن بھر میں بجلی کے نادہندگان کے خلاف خصوصی ریکوری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ میپکو اور ڈسکو سپورٹ یونٹ (ڈی ایس یو) کی خصوصی ٹیمیں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بڑے نادہندگان کے خلاف آپریشن، بجلی کی فراہمی منقطع کرنے ، قانونی کارروائی اور بقایا جات کی وصولی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔میپکو کے مطابق یکم سے 25 جولائی 2026 تک مجموعی طور پر 62 کروڑ 95 لاکھ روپے کے بقایا جات وصول کیے گئے ، جبکہ مختلف کیٹیگریز کے 33 ہزار 177 نادہندگان نے واجبات ادا کیے ۔ اس عرصے میں 28 ہزار 699 گھریلو صارفین سے 35 کروڑ 97 لاکھ روپے ، ایک ہزار 994 زرعی ٹیوب ویل صارفین سے 18 کروڑ 43 لاکھ روپے ، 214 صنعتی صارفین سے 4 کروڑ 45 لاکھ روپے ، 2 ہزار 217 کمرشل صارفین سے 3 کروڑ 76 لاکھ روپے جبکہ دیگر کیٹیگریز کے 53 نادہندگان سے 32 لاکھ روپے وصول کیے گئے ۔ علاوہ ازیں منقطع شدہ کنکشن رکھنے والے صارفین سے 21 کروڑ 40 لاکھ روپے اور اقساط کی مد میں 30 کروڑ روپے بھی وصول کیے گئے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ بجلی کے واجبات کی بروقت وصولی ادارے کے مالی استحکام اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام فیلڈ افسران، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز، ایس ڈی اوز اور ریکوری افسران مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بڑے نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی اور ریکوری آپریشنز واجبات کی مکمل وصولی تک جاری رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments