شاہراہیں کھنڈر، سیوریج منصوبہ ادھورا، تاجر سراپا احتجاج
شاہراہیں کھنڈر، سیوریج منصوبہ ادھورا، تاجر سراپا احتجاجسڑکیں کھود کر پائپ بچھائے گئے ، کاروبار متاثر، شہری مشکلات کا شکار
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )شہر میں سیوریج منصوبے کی سست روی اور مبینہ ناقص منصوبہ بندی کے باعث اہم شاہراہیں اور بازار شدید متاثر ہو گئے ، سڑکیں کھود کر سیوریج کے پائپ تو رکھ دیے گئے تاہم متعلقہ ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہوگئے ، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیل کے مطابق سٹیڈیم روڈ، چوک اہلحدیث روڈ اور دیگر مصروف علاقوں میں جگہ جگہ کھدائی اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کے باعث آمدورفت متاثر ہے جبکہ ہر طرف مٹی اور گردوغبار پھیلنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ تاجر برادری کے مطابق سڑکوں کی خستہ حالی اور تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور گاہک بازاروں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جس سے دکانداروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر سیوریج کے پائپ سڑکوں پر پڑے ہیں جبکہ کام بند ہونے سے سیوریج کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ جگہ جگہ کھدائی اور ٹوٹی سڑکیں حادثات کا باعث بن رہی ہیں جبکہ گردوغبار سے ماحول بھی آلودہ ہو رہا ہے ۔ سٹیڈیم روڈ اور چوک اہلحدیث روڈ کے تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام فوری مکمل، سڑکوں کی بحالی، صفائی اور متاثرہ علاقوں میں پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے ۔ شہریوں اور تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ تاخیر کا شکار منصوبے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور سیوریج منصوبہ جلد مکمل کرکے متاثرہ شاہراہیں بحال کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments