ویمن یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کی تھیسز فیس میں کمی کی منظوری

ویمن یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کی تھیسز فیس میں کمی کی منظوری

پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ، ذہنی صحت مرکز، تحقیقی اصلاحات اور طلبہ ریلیف کی سفارشات

ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی اکیڈمک کونسل کے 25ویں اجلاس میں تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی امور سے متعلق متعدد اہم فیصلے اور سفارشات منظور کر لی گئیں۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کی، جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری زاہدہ اظہر نے بیرونی رکن کی حیثیت سے شرکت کی۔اجلاس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اکیڈمک گورننس اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وائس چانسلر کی ہدایت پر تحقیقی طلبہ کو مالی ریلیف دینے کے لئے تھیسز فیس میں کمی کی تجویز منظور کرتے ہوئے مزید غور کے لیے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔

، جس کے بعد معاملہ حتمی منظوری کے لئے سنڈیکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام شروع کرنے ، ریسرچ پبلیکیشن انسینٹووز، ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایوارڈز اور نمایاں محققین کی حوصلہ افزائی سے متعلق سفارشات بھی منظور کیں۔ اجلاس میں طلبہ اور معاشرے کی نفسیاتی و سماجی معاونت کے لئے مینٹل ہیلتھ اینڈ کمیونٹی ویلبیئنگ سینٹر کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ جامعات علم، تحقیق، جدت اور سماجی ترقی کے مراکز ہیں، جبکہ معیاری تحقیق معاشرتی مسائل کے حل اور مؤثر گورننس میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان میں طلبہ دوست پالیسیوں، تحقیقی معیار اور علمی برتری کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...