سیلاب،عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، ڈاکٹر فیصل سلیم
صفائی کے معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، غفلت پر کارروائی کی جائے گی،ڈی سی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیڈ محمد والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر 80 ہزار کیوسک رہ گیا ہے ، جس کے باعث فی الحال ہائی فلڈ کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں دریائی بیلٹ، حفاظتی بندوں اور حساس مقامات کی مسلسل انسپکشن کی جا رہی ہے ، جبکہ دریائی علاقوں میں مقیم شہریوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرکے ان سے رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری انخلا اور امدادی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔دوسری جانب ڈاکٹر فیصل سلیم نے ‘‘ستھرا ملتان، نو ٹالرنس پالیسی’’ کے تحت شہر کو ویسٹ فری بنانے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی مہم تیز کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں صفائی کی صورتحال اور ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ علاوہ ازیں ان کی ہدایت پر گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران 383 گراں فروش گرفتار کئے گئے جبکہ 6 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کئے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments