36 کلو ایکسپائرڈ اشیاء، 8کلو کھلے مصالحہ جات تلف،جرمانے
36 کلو ایکسپائرڈ اشیاء، 8کلو کھلے مصالحہ جات تلف،جرمانےوہاڑی چوک، گلستانِ چوک شاہ رکن عالم روڈ اوربہاولپور روڈ پر کارروائیاں
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وہاڑی چوک، گلستانِ چوک شاہ رکن عالم روڈ، بہاولپور روڈ مہدی پور شیر شاہ میں 4 ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک اور کھلے مصالحہ جات کا استعمال کرنے ، کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات ہونے ، دی گئیں ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی پر مجموعی طور پر 72 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ اسی طرح مین خان ویلج روڈ گلی نمبر 14 میں ملک شاپ کو دُودھ میں فیٹ کم ہونے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاؤہ 4 بیکریوں کو صفائی کے ناقص انتظامات ہونے ، پانی کی تجزیہ رپورٹ موجود نہ ہونے ، پروڈکشن ایریا میں مکڑیوں کے جالے پائے جانے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ کارروائیاں اڈہ بند بوسن، رشید آباد اور سورج میانی روڈ پر کی گئیں۔ مزید وہاڑی روڈ نزد واپڈا گریڈ سٹیشن ملتان میں پاپڑ فیکٹری کی انسپکشن کی گئی۔ دوران انسپکشن واٹر فلٹریشن موجود نہ ہونے ، تیار خوراک کو زمین پر سٹور کرنے اور آئل کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کا مشن جاری رہے گا۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر رابطہ کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments