نبی کریم ؐ کی ولادت پوری انسانیت کیلئے رحمت، غلام یزدانی
تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے ، جاوید ہاشمی، احمد مجتبیٰ گیلانی
ملتان(کرائم رپورٹر) انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے والی تنظیموں کا اہم اجلاس شوکت حسین اسلامیہ کنڈر گارٹن سکول دولت گیٹ میں صدر انجمن اسلامیہ مخدوم سید عمران الحسن گیلانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس سے چیئرمین پاکستان تحریک امن مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی، مخدوم جاوید ہاشمی اور سید احمد مجتبیٰ گیلانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی نے کہا کہ ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لئے رحمت، ہدایت اور امن کا پیغام ہے ۔ جشن میلادالنبی ﷺ سیرت طیبہ، امن، محبت، رواداری، اخوت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، انتظامیہ عاشقان رسول ﷺ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے ۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے امن، اخوت، برداشت اور انسانیت سے محبت کا درس دیا، ہمیں ان تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے جلوسوں کے راستوں، صفائی اور سکیورٹی کے بروقت انتظامات کا مطالبہ کیا۔سید احمد مجتبیٰ گیلانی نے اتحاد، محبت اور رواداری کے فروغ پر زور دیا۔ مخدوم سید عمران الحسن گیلانی نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر مسائل حل کرے ۔ انہوں نے تنظیموں پر زور دیا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ جلوسوں میں شرکت کریں۔ دربار موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی نے دعا کرائی، جبکہ مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments